کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چکوال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے کے معیار، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری اور مجموعی سروس ڈلیوری کا جائزہ لیا
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کا ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چکوال کا دورہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 16 جون (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چکوال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے کے معیار، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری اور مجموعی سروس ڈلیوری کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر، اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مختار سرور خان نیازی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا، مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ عوام کو معیاری، بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ادویات کی بلا تعطل دستیابی، طبی عملے کی حاضری، صفائی کے اعلیٰ معیار اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے کمشنر راولپنڈی کو ہسپتال میں جاری انتظامی و طبی امور، مریضوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات اور سروس ڈلیوری میں بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی۔








