ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ،خیبر پختونخوا اور سندھ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے

ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ،خیبر پختونخوا اور سندھ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے

لاہور۔16جون (اے پی پی):نویں پی بی سی سی ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ2026 کے دوسرے روز ایبٹ آباد میں کھیلے گئے میچوں میں خیبر پختونخوا اور سندھ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ منگل کو ترجمان کے مطابق پہلے میچ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیمیں اے پی ایس اسکول کرکٹ گراونڈ ایبٹ آباد میں مدمقابل ہوئیں۔خیبر پختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر195 رنز بنائے۔ ایوب خان نے55 رنز41 گیندوں پر بنائے جبکہ فصیح اللہ نے شاندار ناقابل شکست52 رنز 25 گیندوں پر اسکور کئے جن میں7 چوکے شامل تھے۔

خیبر پختونخوا کی جانب سے کامران اختر نے22 رنز کے عوض3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بدر منیر نے24 رنز دیکر2 کھلاڑی آئوٹ کئے۔جواب میں خیبر پختونخوا نے ہدف 19.5 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بدر منیر نے شاندار82 رنز ناٹ آئوٹ46 گیندوں پر بنائے جن میں10 چوکے اور1 چھکا شامل تھا۔ثنا اللہ نے بھی51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جبران خان نے24 رنز اسکور کئے۔پنجاب کی جانب سے نعیم اللہ اور نثار علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ کا بہترین کھلاڑی بدر منیر قرار پائے۔دوسرے میچ میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔

سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے3 وکٹوں کے نقصان پر258 رنز کا بڑا مجموعہ بنایا۔طلحہ اقبال نے شاندار140 رنز 64 گیندوں پر بنائے جن میں19 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے جبکہ محمد صفدر نے صرف 17 گیندوں پر50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں6 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔ظفر اقبال نے22 رنز بنائے۔

بلوچستان کی جانب سے اسرار الحق اور نعمت اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا سکی۔ایم راشد نے83 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ نعمت اللہ نے 20 رنز اسکور کئے۔سندھ کی جانب سے حفزان خان اور انیس جاوید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہارون خان نے ایک وکٹ لی۔سندھ نے یہ میچ85 رنز سے جیت لیا اور طلحہ اقبال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید خبریں