نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی چین کے وزیرِ خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی چین کے وزیرِ خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی ) کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔
وزیرِ خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی فعال سفارتی کاوشوں اور مؤثر ثالثی کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مسلسل رابطے اور مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دی۔ انہوں نے بین الاقوامی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات اور سفارتکاری کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کی کوششوں میں چین کی مستقل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے لئے چین کی اہم خدمات بالخصوص صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی تجویز اور پاکستان-چین پانچ نکاتی اقدام کا بھی ذکر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ فریقین کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر مؤثر عملدرآمد اور تمام باقی ماندہ مسائل کے پرامن حل کے لئے مسلسل رابطہ اور مشاورت ضروری ہے۔
انہوں نے عالمی معیشت، توانائی کے تحفظ اور بین الاقوامی تجارت کے لئے آبنائے ہرمز کے کھلے رہنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دونوں جانب سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے حالیہ کامیاب دورہ چین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کے نتائج پر مؤثر عملدرآمد اور پیشرفت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے سی پیک پر مشترکہ طور پر کام کرنے اور دوطرفہ اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے اہم دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔








