چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی ملاقات

چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی ، جمہوری استحکام اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی ، جمہوری استحکام اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سید محمد نہال ہاشمی کو گورنر سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گورنر سندھ اپنی نئی ذمہ داریوں کو جمہوری روایات اور آئینی اصولوں کے مطابق ادا کرتے ہوئے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سیاسی بصیرت، پارلیمانی تجربے اور طویل عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے اور سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے خاندان کی سیاسی، سماجی اور روحانی خدمات قابلِ قدر اور عوامی سطح پر قابل احترام ہیں۔گورنر سندھ نے عوامی فلاح و بہبود اور قومی ترقی کے لیے چیئرمین سینیٹ کی مسلسل کاوشوں کو بھی سراہا اور عوام کی بہتری کے لیے ان کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنمائوں نے جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمنٹ کے کردار کو مزید موثر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔