وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات کی روشنی میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، عوامی تحفظ اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام مرکزی امام بارگاہ گلستانِ معرفت میں جامع فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا
گوجرانوالہ،محرم الحرام کے دوران امن و امان، عوامی تحفظ اور بہترین انتظامات کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام فرضی مشقوں کا انعقاد
گوجرانوالہ۔ 16 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات کی روشنی میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، عوامی تحفظ اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام مرکزی امام بارگاہ گلستانِ معرفت میں جامع فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔فرضی مشقوں میں پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ستھرا پنجاب، میونسپل کارپوریشن، گیپکو، ایس این جی پی ایل اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ مختلف محکموں کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، فوری رسپانس، ریسکیو آپریشن، طبی امداد، آگ بجھانے، بجلی و گیس کی ہنگامی بحالی اور شہری سہولیات کی فراہمی سے متعلق عملی اقدامات کا مظاہرہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے اس موقع پر فرضی مشقوں اور مختلف اداروں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور تمام محکمے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ذیشان ندیم، چیف ایگزیکٹو آفیسر جی ڈبلیو ایم سی/ایم ڈی ستھرا پنجاب عبدالرزاق ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) اشعر جمیل، ایس پی (سٹی) نیک بخت، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عمر راٹھور سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور بہترین انتظامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب، روشنی، طبی سہولیات اور سکیورٹی انتظامات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عزاداران کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ فرضی مشقوں کا مقصد مختلف اداروں کی استعداد کار کا جائزہ لینا، باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مربوط انداز میں نمٹنے کی تیاری کو یقینی بنانا تھا۔









