30 جون (اے پی پی):حیسکو انتظامیہ نے حسبِ روایت اس سال بھی محرم الحرام 1447 ہجری کے ایامِ عزاء کے دوران بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری کی ہدایت پر پاور ڈسپیچ سینٹر (پی ڈی سی) میں سینٹرل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے 9 اور 10 محرم کو بجلی کی ترسیل اور ممکنہ فنی خرابیوں پر قابو پانے کے لیے نگرانی کی جائے گی۔ حیسکو ترجمان کے مطابق تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
آپریشن، کنسٹرکشن، جی ایس سی اور جی ایس او کی ٹیمیں تین مختلف شفٹوں میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جاوید اختر آخوند سے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ چیف آپریٹنگ آفیسر ریاض احمد پٹھان کی نگرانی میں موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف جلوسوں کی گزرگاہوں پر موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔حیسکو چیف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عزاداری کے دوران بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے مارکیٹیں جلد بند کریں، دکانوں میں غیر ضروری چراغاں سے گریز کریں اور سائن بورڈز و بل بورڈز کی لائٹس بند رکھیں۔