محرم الحرام کے دوران تمام افراد اور اداروں نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئےبہترین کردار ادا کیا، کمشنر پشاور ڈویژن

151
Riaz Khan Mehsud
Riaz Khan Mehsud

پشاور۔ 18 جولائی (اے پی پی):کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پشاور میں مثالی امن اور یکجہتی کےساتھ محرم الحرام اختتام پذیر ہونے پر عوام، علماء کرام، تاجروں، سول سوسائٹی،ضلعی انتظامیہ،پولیس،کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور، ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر متعلقہ اداروں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے شروع سے لیکر آخر تک تمام افراد اور اداروں نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا اپنا کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جس کی وجہ سے محرم الحرام بخیر وعافیت گزر گیا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کسی جانب سے کسی سرکاری محکمہ کے بارے میں بھی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جسکا مطلب ہے کہ تمام متعلقہ اداروں نے فرض شناسی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیئے جسکی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔

اپنے ایک بیان میں کمشنر پشاور ڈویژن نے کہا کہ تمام مذہبی تنظیموں اہلِ تشیع، اہلِ سنت ولجماعت، متحدہ امن کمیٹی ادارہ تعلیم القرآن، ادارہ تبلیغ السلام اور دیگر فلاحی تنظیموں کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں، میں خصوصی طور پر ان کا مشکور ہوں، اس سلسلے میں سرکاری سطح پر ان کی کوششوں کا اعتراف کیا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح اتفاق و اتحاد کے ساتھ ملکر بھائی چارے کےساتھ تمام امور نمٹائے جائیں گے۔