کوئٹہ۔ 15 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عبادت گاہوں، ماتمی جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کے حفاظتی انتظامات پر کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برادشت نہیں کی جائیگی۔
محرم الحرام کے دوران عوام کے جان ومال کے مکمل تحفظ کی خاطر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط اور فعال روابط رکھنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے،موجودہ حساسیت کی پیش نظر صوبہ میں ہر جگہ بالخصوص انتہائی حساس جگہوں اور عبادت گاہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔اپنے بیان میں گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام کے ماتمی جلسے و جلوس کے منتظمین کے ساتھ بھی کوآرڈی نیشن مزید مؤثر بنانا لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام دونوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عبادت گاہوں، جلسے اور جلوسوں کے اردگرد مشکوک افراد پر کھڑی نظر رکھیں اور پرامن صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں،اس طرح ہر ذی شعور شخص کا فریضہ بنتا ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران بھرپور تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر سیکورٹی اداروں کے فول پروف سیکورٹی انتظامات سے یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ یوم عاشورا بخیر و عافیت اختتام پذیر ہو جائیگا۔