محسنوں کو یاد رکھنے والی قومیں کبھی ناکام نہیں ہوتیں، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ

116
Maqbool Baqir
Maqbool Baqir

حیدرآباد۔ 17 جنوری (اے پی پی):نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس مقبول باقر نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے محسنوں اور رہبروں کو یاد رکھتی ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہون نے سٹی کالج حیدرآباد کے بانی مرزا عابد عباس کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں اپنے وڈیو پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بیحد خوشی ہورہی ہے کہ اس کالج کے بانی پرنسپل مرزا عابد عباس کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں کالج کی لائبریری کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم عابد عباس ملک کے نامور علمی ادبی شخصیت تھے جن کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا- قبل ازیں نگراں صوبائی وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے آج سٹی کالج حیدرآباد میں کالج کے بانی پرنسپل مرحوم مرزا عابد عباس کی برسی کے موقع پران کے نام سے کالج میں موجود کتب خانے کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرزا عابد عباس نے 18 سال اس شہر میں تعلیمی خدمات انجام دیں،ان کے طالبعلموں میں ملک کے بڑے بڑے افسران ، شاعر اورنامور ادیب شامل ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے بڑے بڑے پاک بھارت مشاعروں کا بھی انعقاد کروایا جن میں ملک اور بیرون ممالک کے نامور شعرا اکرام نے حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ان کی خدمات کی اعتراف میں آج سٹی کالج کے کتب خانے کو مرزا عابد عباس کے نام سے منسوب کیاگیا ہے ۔اس موقع پر سینئر صحافی مرزا عابد عباس کے فرزند مظہر عباس اور کالج حکام و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔