محسن نقوی سے سابق کرکٹرز کی ملاقات، قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کی سفارشات پیش کی گئیں

206

لاہور۔9جولائی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے سابق کرکٹرز نے منگل کے روز طویل ملاقات کی۔سابق کرکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لیے تجاویز دیں اورقومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات پیش کی گئیں۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق ملاقات میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی پر بھی گفتگو کی گئی اورڈومیسٹک کرکٹ کاانفراسٹرکچر بہتر بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔ سابق کرکٹرز نے ونٹر سیزن کے ساتھ سمر سیزن میں بھی کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کی تجویز دی اور 4 روزہ میچز اور انڈر 19 کے ٹورنامنٹس کرانے پر اتفاق رائے ہوا۔ اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں کرکٹ اکیڈمیز بنانے کی سفارشات پیش کی گئیں۔سابق کرکٹرز نے پاکستانی کوچز کے معیار اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور پاکستانی پچز کے معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ سابق کرکٹرز نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ آپ نے پہلے بھی کام کرکے دکھایا ہے ، امید ہے کہ کرکٹ کو مزیدبہتر بنائیں گے۔اس موقع پر چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لئے آپ کے ساتھ مشاورتی عمل کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کرکٹ کی بہتری کیلئے جو کچھ کر سکتے ہوئے کر گزریں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ 4 روزہ میچوں اور انڈر 19 ٹورنامنٹس پر فوکس کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کوچز کا معیار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ کوچز کا معیار بین الاقوامی سطح پر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا سمر سیزن ایبٹ آباد یا ہنزہ پر منعقد کرانے کا پلان بنایا ہے۔کمرشل ازم بڑھ گیا ہے اسی لیے ڈیپارٹمنٹس کرکٹ پر سرمایہ کاری میں دلچسپی نہیں لیتے ۔کرکٹ کی بہتری کیلئے گرائونڈز پی سی بی خود لے رہا ہے اور پچز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ انشااللہ سب کی مشاورت سے کرکٹ کو نچلی سطح سے بہتر بنائیں گے۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام تجاویز کو نوٹ کیا اور قابل عمل تجاویز پر عملدرامد کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کرنے والے کرکٹرز میں انتخاب عالم، سیلم الطاف،سکندر بخت،اقبال قاسم، ہارون رشید، صادق محمد، شفیق پاپا، سیلم یوسف، یاسر حمید،یاسر شاہ،سرفراز احمد،اعجاز احمد،باسط علی،وجاہت اللہ واسطی،عاصم کمال،محمد سمیع، راشد خان،عامر ملک، شفقت رانا، عبدالروف، سلمان بٹ،اظہر خان اور اظہر محمود شامل تھے۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹرز ندیم خان،عثمان واہلہ، عبداللہ خرم نیازی،انالسٹ بلال افضل اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔