اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی اور عوام کو عید کی مبارکباد بھی دی۔انہوں نے اس خوشی کے موقع پر قوم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے ملک کی ترقی، استحکام، خودمختاری، امن اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ نے شہدائے قوم کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا ۔مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے خصوصی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ عید خوشی کا دن ہے ہمیں اپنے پسماندہ بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ وہ ہماری تقریبات میں شامل ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ملک کے محافظوں کی عزت افزائی کی اہمیت پر بھی زور دیا ،جنہوں نے پاکستان کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ان لوگوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے اپنے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577575