اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف 2 کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 7 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا ۔انہوں نے خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محمد امین کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ لانس نائیک محمد امین نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید لانس نائیک محمد امین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھرخوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز نے 7 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ان کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔