لاہور۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلی ٹیم ہے جس نے جنوبی افریقہ کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں تینوں میچ جیت کر وائٹ واش کیا ہے۔
قومی ٹیم کو تیسرا ون ڈے میچ جیتنے اور جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں ۔یہ شاندار کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ صائم ایوب نے ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کی اور سنچری سکور کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ محمد رضوان اور بابر اعظم نے اچھی بیٹنگ کی، اسی طرح سفیان مقیم نے عمدہ بولنگ کرکے قوم کے دل جیت لیے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پوری سیریز میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی پراعتماد نظر آئے اور وہ جذبے اور محنت سے کھیلے۔اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بڑھے گا اور چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی ہی بہترین کارکردگی دکھائے گی۔