محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو پر محسن نقوی و پی سی بی ٹیم کو مبارکباد

143
محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو پر محسن نقوی و پی سی بی ٹیم کو مبارکباد

لاہور۔8فروری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں منعقد ہوا۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں117 دن کی ریکارڈ مدت میں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو مکمل کرنے پر چیئرمین پی سی بی اور ان کی پوری ٹیم سے خصوصی طور پر تشکر کا اظہار کیا گیا۔

بی او جی ممبران نے قذافی سٹیڈیم کے تعمیر نو پراجیکٹ کی تکمیل پر محسن نقوی اور پی سی بی کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ناممکن کو ممکن بنا دیا اور اس پراجیکٹ سے تمام پراپیگنڈہ بھی دم توڑ گیا ہے،اتنی قلیل مدت میں ایک شاندار سٹیڈیم کی تکمیل صرف محنت اور لگن سے ممکن ہوئی ہے، ہم خود بھی حیران اور ہمیں یقین نہیں آرہا کہ سٹیڈیم مکمل ہو چکا ہے۔

چیئرمین محسن نقوی نے اس کامیابی کو پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ میرے انفرادی کام کا نتیجہ نہیں، بلکہ یہ کامیابی ہماری پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، میں اللہ کا شکرگزار ہوں کہ ہماری مخلصانہ کوششیں رنگ لائیں، ہم نے تنقید کی پرواہ نہیں کی اور اللہ کی مدد سے آگے بڑھتے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری ٹیم اور خاص طور پر ورکرز نے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔اجلاس میں پی سی بی کے مختلف امور کی منظوری دی اور بورڈ آف گورنرز کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی، بورڈ آف گورنرز ممبران ظہیر عباس، انوار غنی، دانیال گیلانی، طارق سرور، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر انوار غنی نے خصوصی دعا کی۔