اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں ایشیائی پولیٹیکل پارٹیز کانفرنس کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرنیشنل میڈیا فورم میں سینئر صحافی، کالم نگار و تجزیہ نگار حافظ طاہر خلیل کو متفقہ طور پر انٹرنیشنل میڈیا فورم کا شریک چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اتوار کویہاں جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے اپنے تہنیتی پیغام میں سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل کی صحافت کے شعبے اور خصوصا ًپارلیمانی رپورٹنگ میں خدمات کو سراہا ۔
انہوں نے کہا کہ حافظ طاہر خلیل گزشتہ کئی دہائیوں سے پارلیمان کی رپورٹنگ سے وابستہ ہیں اور وہ یہ فریضہ انتہائی خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہے ہیں،حافظ طاہر خلیل کا انٹرنیشنل میڈیا فورم کا چیئرمین منتخب ہونا انتہائی خوش آئند اور صحافت کے شعبے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے حافظ طاہر خلیل کی مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہاربھی کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل کو متفقہ طور پر انٹرنیشنل میڈیا فورم کا شریک چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔