لاہور۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی آمد آمد ہے ، ببر شیر آ رہا ہے ، محمدنواز شریف کے وطن واپس آنے پر بتائیں گے کہ ہم نے کیا کرنا ہے، مسلم لیگ (ن )الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، عمران خان کی حکومت رہتی تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں بھٹہ چوک میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پرخواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، یاسین سوہل، میاں نصیر احمد، رانا آصف ، چوہدری سجاد احمد، قاری حنیف، رانا جعفر ، ریاض مغل، سعدیہ تیمور اورکنول نعمان سمیت مسلم لیگ( ن) کے دیگر رہنماؤں و کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اقامہ کی بنیاد پر محمد نواز شریف کو نااہل قرار دیناسازش تھی وہ دھیمے لہجے میں بات کرنے وا لے سیاستدان ہیں، ایٹمی دھماکوں کے نتیجے میں پاکستان پر پابندیاں لگائی گئیں، مہنگائی میں اضافہ ہوا لیکن اس وقت پارلیمنٹ ، عوام اور تمام ادارے حکومت کے ساتھ کھڑے تھے، محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کا راستہ روک دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس کی تعمیر ، نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے اورعوام کی فلاح وبہبود کے بیشمار منصوبے مکمل کرنے کا سہرا محمد نواز شریف کے سر ہے ، مسلم لیگ( ن ) کا دور حکومت ملک کی تعمیروترقی اور عوامی خوشحالی کا دور تھا جسے ایک سازش کے تحت ختم کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ببر شیر وطن واپس آ رہا ہے سب کو معلوم ہو جائے گا کہ ہم کیا کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) عام آدمی کے اظہارآزادی کیلئے لڑے گی ، پاکستان کو بدل کر رہیں گے ، نیا نظام عدل لائیں گے،پورے ملک میں آئین کی حکمرانی کی بات کریں گے، مسلم لیگ (ن )کو موقع ملا تو پارلیمنٹ کے ذریعے ججز کی تقرری کے طریقہ کارپر قانون سازی کریں گے۔
عمران خان کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے دور میں جمہوریت کو زنجیریں ڈالی گئیں،چار سال سے ملک میں تماشا لگایا گیا، وہی گند آج کھل کر سامنے آ رہا ہے کیونکہ سازش کبھی چھپی نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان لاشوں پر سیاست کر رہا ہے ،پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی موت حادثہ میں ہوئی جسے عمران خان نے قتل کا رنگ دینے کی کوشش کی، وزیر آباد میں تین بچوں کا باپ ان کے گارڈ کی گولیوں سے چل بسا ، اس پر بھی عمران خان نے سیاست کی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان سیاسی سمجھ بوجھ سے محروم شخص ہے،اس کی تمام سازشیں ناکام ہو رہی ہیں،اگر اس کو عدم اعتماد کے ذریعے حکومت سے نہ نکالتے توملک ڈیفالٹ کر جاتا اور ہمارا حال سری لنکا سے بھی برا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کیسا نجات دہندہ ہے جو اپنی ضرورت کیلئے اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دیتا ہے،ملک کو تباہی کے دہانے پہنچانے کا ذمہ دار عمران خان ہے اسے اپنے تمام جرائم کا حساب دینا ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا دور بہت کم رہا اور زیادہ دور مارشل لاء کا رہا ، موجودہ نظام عدل بھی ملک کو انصاف نہیں دے سکتا، اس نظام عدل کو بھی بدلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے لڑیں گے ، سچ بولیں گے ورنہ گھر چلے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جانے کے بعد ہمارا حکومت میں آنا آسان نہیں تھا،بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، ہم نے ریاست کو بچا کر اپنی سیاست کی قربانی دی ہے ،ہمیں اس کی بھاری قیمت بھی ادا کرنا پڑی ، تنخواہیں دینے کیلئے ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں لیکن ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے ہمیں مشکل فیصلے کرنا پڑے۔
اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کارکنوں سے حلف لیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وفادار رہیں گے ، عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے، عام آدمی کو غنڈہ گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے،ایک سیاسی کارکن عام آدمی کو انصاف دلانے کیلئے اپنا بہتر کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ اس کے ساتھ پوری پارٹی کھڑی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں آ کر انفرادی کی بجائے اجتماعی مفادات کی بات کرتے ہیں، اپنے حلقہ انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بے شمار ترقیاتی کام کروائے ہیں، سڑکیں ، انڈر پاسز ، پارکس اور بوائز و گرلز سکولز و کالجز تعمیرکروائے۔ انہوں نےکہا کہ کبھی چڑھتے سورج کو سلام نہیں کیا مجھے اور میرے بھائی کو جیل بھیجا گیا ، حق کی بات کرنے پر کئی طرح کی صعوبتیں برداشت کیں۔