اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات،نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ نے شفارش کی ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے اعلان کر دہ پہلی فلم و کلچر پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، کمیٹی نے پیمرا کوڈ آف کنڈیکٹ میں عدلیہ اور فوج کے ساتھ پارلیمنٹرین کو بھی شامل کرنے کے لئے ترمیم لانے پر اتفاق کیا، کمیٹی نے پی این سی اے میں قیمیتی پینٹگز چوری ہونے کے معاملے پر تحقیقات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین کمیٹی محمد اسلم بودلہ کی زیر صدارت پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا ۔اجلاس کے آغاز پر پیر محمد اسلم بودلہ کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں طے پانے والے نکات کی منظوری دی گئی ۔