محمد بلیغ الرحمان کی لاہور چیمبر کے عہدیداران سے ملاقات، معیشت و سیاسی استحکام پر تبادلہ خیال

68

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):سابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوزر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری سے ملاقات میں ملکی معیشت، تجارت اور سیاسی استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے معیشت کی بہتری کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مسلسل کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ چیمبر کی کوششیں ملک میں تجارتی اور صنعتی ترقی کیلئے نہایت مو ثر ثابت ہو رہی ہیں۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے سابق گورنر کو تجارت

صنعت اور معیشت کے فروغ کیلئے چیمبر کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بلیغ الرحمان کو 31جنوری سے 2فروری تک ہونے والے ”لاہور شاپنگ فیسٹیول”کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کی تاریخ میں یہ ایک یادگار ایونٹ ہوگا۔ انہوں نے لاہور چیمبر کی معاشی ترقی اور تجارتی فروغ کیلئے جاری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام معیشت کی ترقی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ مستحکم ماحول ہی سرمایہ کاری کو فروغ دیتا ہے اور طویل مدتی ترقی کی راہیں ہموار کرتا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے سابق گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایل سی سی آئی کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور معاشی ترقی کیلئے مو ثر پالیسیوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کیلئے سیاسی اور معاشی استحکام کا ایک ساتھ ہونا ضروری ہے ۔