محمد حسنین ایشیا کپ کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ بن گئے

62
محمد حسنین ایشیا کپ کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ بن گئے

لاہور۔22اگست (اے پی پی):22 سالہ نوجوان فاسٹ بائولر محمد حسنین کو گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کھیلا جانے والا ایونٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔محمد حسنین اب تک 18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔پی سی بی ترجمان کے مطابق دی ہنڈرڈز کھیلنے کے سلسلے میں انگلینڈ میں موجود محمد حسنین دبئی میں قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔

دوسری جانب آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر کل منگل کی صبح پاکستان سے روانہ ہوکر دبئی میں سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ وہ ہالینڈ ٹور کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اپناپہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔قومی کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ شارجہ میں 2 ستمبر بروز جمعہ کوالیفائر ٹیم سے کھیلےگی۔ سپر فور کے میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔