اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):محمد سمیع سعید نے جمعہ کو نگراں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کا چارج سنبھال لیا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق وزارت میں آمد پر سیکرٹری منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ اور وزارت کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں نگراں وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں سیکرٹری منصوبہ بندی کی طرف سے وزارت کے کام اور ذمہ داریوں اور وزارت کے جاری ترقیاتی اور سٹریٹجک اقدامات بالخصوص پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)، سالانہ منصوبہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) شامل ہیں۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت کے تمام افسران پوری لگن اور محنت سے ملک کی ترقی کے لیے کام کریں جبکہ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے جبکہ منصوبوں کے معیار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر منصوبہ بندی محمد سمیع سعید کا کہنا تھا کہ ملک میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ محمد سمیع سعید نے 1980 میں سول سروس آف پاکستان (ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ/پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس) میں شمولیت اختیار کی اور سرکاری اور بین الاقوامی اداروں میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔
وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر، حکومت پاکستان کے کیبنٹ سیکرٹری اور وزیراعظم کے پرنسپل سٹاف آفیسر رہے۔ انہوں نے پنجاب میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری زراعت اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ پاکستان کی وزارت خزانہ میں اہم عہدوں پر فائز رہے جن میں قومی مالیاتی کمیشن کے سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری (اندرونی مالیات اور بینکنگ)، جوائنٹ سیکرٹری (صوبائی مالیات اور ترقیات)، ڈپٹی سیکرٹری (بیرونی مالیات اور بین الاقوامی مالیاتی تعلقات) اور ایڈیشنل سیکرٹری شامل ہیں۔
انہوں نے یونائیٹڈ بینک، الائیڈ بینک، بینک آف پنجاب اور ایگریکلچر ڈویلپمنٹ بینک آف پاکستان سمیت بڑے بینکوں اور مالیاتی اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بطور ڈائریکٹر کام کیا۔ اسی طرح وزیر نے مختلف دو طرفہ مذاکرات اور بین الاقوامی کانفرنسوں بشمول ڈیووس، سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم 2007 کے ساتھ ساتھ دو طرفہ اور کثیر جہتی مذاکرات میں حکومت پاکستان کی نمائندگی کی۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے، انہوں نے دنیا بھر کے کئی رکن ممالک کے سرکاری دورے کیے اور حکومت کے اعلیٰ ترین سطح کے ساتھ بات چیت میں بھی شامل رہے۔