راولپنڈی ۔15مئی (اے پی پی):وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے جمعرات کو پاکستان ایئر فورس کے کامرہ میں قائم آپریشنل بیس کا دورہ کیا جہاں پر انہیں پاکستان ایئر فورس کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے پائلٹس، انجینئرز اور تکنیکی عملے سمیت فرنٹ لائن اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، درستگی اور قومی دفاع کے لیے بے مثال عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ، وزیرِدفاع، وزیرِمنصوبہ بندی و ترقی، وزیرِاطلاعات، آرمی چیف اور ائیر چیف بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ بلااشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے غیرمعمولی تحمل، حکمتِ عملی اور عملی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ ہماری افواج کا فوری اور ٹارگیٹڈ جوابی اقدام نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا بلکہ دشمن کی عسکری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا،جو ہماری خودمختاری کے دفاع کے لیے غیرمتزلزل عزم کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی افواج کے عزم و حوصلے اور چوکس رہنے پر فخر ہے۔
آرمی چیف کی مدبرانہ قیادت میں ہماری مسلح افواج نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی ناقابلِ تسخیر ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ، سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔پاکستان ایئر فورس کی آپریشنل کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پامپور، سری نگر کے مشرق میں بھارتی فضائیہ کے چھٹے طیارے (میراج 2000) کو کامیابی سے مار گرانے کی تصدیق، پاکستان ایئر فورس کی جنگی مہارت اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہے۔
وزیرِاعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی وژنری قیادت کو سراہا اور ایئر فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ٹیکنالوجی کے مؤثر انضمام میں ان کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری نڈر فضائیہ اور مخلص فضائی عملے کو میرا سلام ہے، آپ کی جرأت، مہارت اور عزم، افواجِ پاکستان کی ناقابلِ تسخیر روح کی عکاسی ہے۔
آپ نے ملک کی فضائی حدود اور خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا۔وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر لمحہ تیار اور اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔ کسی بھی جارحیت کا بروقت، مناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ پوری قوم متحد، چوکس اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیرمتزلزل ہے۔وزیرِاعظم کی آمد پر ایئر چیف نے ان کا استقبال کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597585