لندن۔5اگست (اے پی پی):پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر محمد عامر اور عماد وسیم دی ہنڈرڈ مینز کمپٹیشن 2025میں ناردرن سپر چارجرز کی نمائندگی کریں گے ۔33 سالہ محمد عامراور 36 سالہ عماد وسیم نے متبادل کھلاڑیوں کے طور پر ناردرن سپر چارجرز کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔محمد عامر اور عماد وسیم نے ناردرن سپر چارجرز کے ساتھ معاہدے پر اس بنیاد پر دستخط کیے ہیں کہ دی ہنڈرد مینز کمپٹیشن میں فرنچائزز کے نئے بھارتی مالکان کو کوئی خدشات لاحق نہ ہوں ۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی )نے رواں سال کے شروع میں بتایا تھا کہ نئے سرمایہ کاروں میں 8 میں سے 4بھارتی ہیں اور مزید دو ہندوستانی نژاد امریکی ہیں ۔ ای سی بی کا کہنا تھا کہ دی ہنڈریڈ کمپٹیشن میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے فروری میں کہاتھا کہ ہم دوسرے خطوں کے کھیل کے حوالے سے اصولوں سے خوب واقف ہیں، لیکن یہاں ایسا نہیں ہو گا۔محمد عامر اور عماد وسیم 2025 کے سیزن کے لیے معاہدوں پر دستخط کرنے والے پہلے دو پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔
دی ہنڈرڈ کمپٹیشن میں بین سٹوکس ناردرن سپر چارجرز کی غیر رسمی نمائندگی کریں گے ، مایہ ناز برطانوی آل رائونڈر کندھے کی انجری سے صحت یابی کے عمل سے گزررہے ہیں تاہم وہ غیر رسمی، رہنمائی کا کردار ادا کریں گے ۔بین سٹوکس انجری کے باعث بھارت کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ ناردرن سپر چارجرزمیں عماد وسیم مچل سینٹنر کی جگہ لیں گے جبکہ محمد عامر بین دروشوئس کی جگہ لیں گے۔