محمد نبی آئی سی سی مینز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں افغانستان ٹیم کی قیادت کریں گے

121

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):افغانستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر محمد نبی آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کپ میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ 36 سالہ محمد نبی کو راشد خان کی جگہ افغانستان کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے مطابق محمد نبی ساتویں آئی سی سی مینز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں قومی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔

راشد خان نے گزشتہ ماہ ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ سکواڈ کے حوالے سے سلیکشن پراسیس کا حصہ نہ بنانے پر کپتانی کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

افغانستان کی ٹیم کو گروپ2 میں پاکستان ،بھارت اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔افغانستان کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں رحمان اللہ گرباز، حضرت اللہ زیزئی، عثمان غنی، محمد شہزاد، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، گلبدین نائب، نجیب اللہ زدران، کریم جنت، راشد خان، مجیب الرحمان، حامد حسن، فرید احمد اور نوین الحق شامل ہیں۔

ریزرو کھلاڑیوں میں شراف الدین اشرف، سمیع اللہ شنواری، دولت زدران اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔افغانستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 25 اکتوبر کو کھیلے گی۔