محمد نعیم جان نے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر آئیسکو کا عہدہ سنبھال لیا

120

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) کےبورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظوری دیتے ہوئے چیف انجینئر محمد نعیم جان کو قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو تعینات کر دیا ہے۔ ترجمان آئیسکو نے پیر کے روز بتایا کہ قائمقام چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان پاور سیکٹر میں کام کا وسیع تجربے رکھتے ہیں اور پیشہ ورانہ امور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسرکے طور پر جانے جاتے ہیں۔ آئیسکو افسران نے ان کی بطور سربراہ آئیسکو تعیناتی کو ایک خوش آئند فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان کی سربراہی میں آئیسکو کارکردگی کے معیار کو مزید بہتر بنائے گی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو محمد نعیم جان کا کہنا تھا کہ صارفین کو بہترین کسٹمر سروسز کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو گا اور لائن لاسز میں کمی،بجلی بلز واجبات کی سوفیصد ریکوری، سسٹم اپ گریڈیشن کے سلسلے میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بہترین سروسز کی فراہمی کے ذریعے آئیسکو اور صارفین کے مابین دوستانہ اورخوشگوار ماحول قائم کرنا ترجیح ہے۔ محمد نعیم جان نئے سی ای او کی تقرری تک یا تین ماہ کے لئے اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ سابقہ چیف آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان کنٹریکٹ ملازمت کی مدت مکمل کر کے ریٹائر ہو گئے ہیں۔