محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے،جنوری میں مسلم لیگ (ن) پنجاب میں اپنی حکومت بنا لے گی،سردار ایاز صادق

235

لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی و سیاسی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے،آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمیں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے،جنوری میں مسلم لیگ (ن) پنجاب میں اپنی حکومت بنا لے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے حلقہ انتخاب یونین کونسل 147 تاجپورہ میں جلسہ عام سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ تاجپورہ میں جب بجلی کا مسئلہ انتہائی سنگین تھا اس وقت ہماری جماعت اپوزیشن میں تھی مگر ہم نے یہاں کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرایا اور اس علاقے میں سو سے زائد ٹرانسفارمرز لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ ترقیاتی فنڈز کو عوام کی بنیادی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے خرچ کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج حضرت عیسی علیہ السلام اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولادت کے ساتھ ساتھ ہمارے قائد نوازشریف کا یوم پیدائش بھی ہے جو ہمارے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اقلیتی برادری ملکی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔

ایاز صادق نے کہا کہ اگر قائداعظم محمد علی جناح پیدا نہ ہوتے تو پاکستان بھی نہ بنتا، آج ہم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی بے لوث قیادت اور قیام و تحریک پاکستان کے لئے ہمارے بزرگوں کی دی گئی قربانیوں کے باعث ایک آزاد اور خود مختار ملک میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت میں مودی حکومت نے اقلیتوں کا جینا محال کر رکھاہے بالخصوص مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے اور ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین بانی پاکستان کی روایات کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں اور وہ دوسروں کو عزت دینا جانتے ہیں جبکہ عمران خان نے ہمیشہ منفی سیاست کی ہے اور اپنے مخالفین کو برے القابات سے پکارا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے اپنے ہر دور حکومت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیااور پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابل تسخیر بنا دیا حالانکہ اس وقت امریکہ کے صدر کی طرف سے پاکستان کو پانچ ارب ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی تھی مگر نوازشریف نے اسے مسترد کرتے ہوئے ملک کو ایٹمی قوت بنانے کوترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2018 میں اپنا دور مکمل کیا تو اس وقت جی ڈی پی کی شرح 6 فیصد کے قریب تھی اس کے بعد عمران خان کو اقتدار میں جب لایا گیا تو اس نے ملک کو بربادی کی طرف گامزن کر دیا، جب ہم اقتدار چھوڑ کر گئے تو اس وقت پاکستان پر 30 ارب ڈالر قرض تھا جو عمران خان کی 44 ماہ کی حکومت میں بڑھ کر ساٹھ ارب ڈالر ہو گیا جبکہ ہم بجلی کا گردشی قرضہ 11 سو ارب چھوڑ کر گئے تھے جس کو عمران خان کئی گناتک بڑھا کر چھوڑ گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف سے ایسا معاہدہ کر گئے جس سے ملک میں مزید معاشی بحران پیدا ہو گیا اور انہوں نے جس وقت مختلف اشیا کی قیمتیں بڑھانی تھیں انہوں نے نہیں بڑھائیں کیونکہ انہیں پتاچل گیا تھا کہ انہیں حکومت سے نکال باہر کیا جارہا ہے اور اس کا خمیازہ آنیوالی حکومت کو بھگتنا پڑے گا۔ ایاز صادق نے کہا کہ یہ خمیازہ آنیوالی حکومت کے ساتھ ساتھ پوری قوم بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک احسان فراموش آدمی ہے، جس نے بھی اس پر احسان کیا وہ اس کے شر سے محفوظ نہیں رہا،مسلم لیگ (ن) نے شوکت خانم کیلئے زمین دینے کے ساتھ فنڈز بھی دیئے تھے اور جہانگیر خان ترین نے اس کی پنجاب حکومت بنوانے میں اہم کردار ادا کیا، علیم خان نے اس کی پارٹی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں جبکہ سابق آرمی چیف کے بھی عمران خان پر بہت احسانات ہیں مگر یہ احسان فراموش ہر کسی کو برا بھلا کہہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چودھری پرویز الٰہی سے یہ کہوں گا عمران خان کسی کا دوست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جس وقت سیلاب آ رہا تھا اس وقت وزیراعظم محمد شہبازشریف سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف تھے جبکہ عمران خان سیلاب متاثرین کی پرواہ کئے بغیر اپنے جلسوں میں مصروف تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور عمران خان دور دور تک نظر نہیں آئے گا۔ اس موقع پر سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ جنوری میں مسلم لیگ (ن) پنجاب میں اپنی حکومت بنا لے گی اور ہم اپریل میں بلدیاتی انتخابات کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے ، جلد انتخابات کی راہ دیکھنے والے اپنی خواہش دل میں ہی رکھیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ہمارے دور حکومت میں مثالی کام ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے حلقہ انتخاب میں جو ترقیاتی سکیمیں اے ڈی بی سے منظور کروائی تھیں وہ چودھری پرویز الٰہی نے رکوا دی ہیں کیونکہ ان کی ترجیحات میں صرف گجرات شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ جب ہماری پنجاب میں بھی حکومت بن جائے گی تو ہم ان ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین کے ساتھ انتہائی غیر مناسب رویہ رکھا گیا اور ان پر جعلی مقدمات درج کئے گئے اور میں نے خودان بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیا۔