29.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومتازہ ترینمحمد نوازشریف نے اقتصادی پابندیوں، دبائو، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں...

محمد نوازشریف نے اقتصادی پابندیوں، دبائو، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 1998 میں آج کے دن 6ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا یا،وزیراعظم محمد شہبازشریف

- Advertisement -

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف نے اقتصادی پابندیوں، دبائو، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 1998 میں آج کے دن 6ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا، یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی و خودمختاری پرسمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دِن ہے، آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک معاشی قوت اور دنیا میں پاکستان کو اُس کا حقیقی مقام دلائیں گے۔وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیر، 28 مئی 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ میں آج کے دن اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے دِل کی گہرائیوں سے پوری قوم اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یومِ تکبیر کی مبارک دیتا ہوں۔

آج پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور مسلمان ممالک میں پہلی ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے ہیں، الحمدللہ ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ’’یومِ تکبیر‘‘ اِس مرتبہ ایک اہم اور تاریخی موقع پر منارہا ہے جب بھارت کی مسلط کردہ بلاجواز جنگ میں پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے 6 سے 10 مئی کے معرکہ حق میں سرخرو اور فتح یاب ہوا ۔ فتح مبین سے سرشار قوم کے لئے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جس پر ہم رب ِعظیم کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیشہ پاکستانی قوم کو اپنے خصوصی کرم سے سربلندفرمایا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مئی 1998 میں پوکھران میں بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے لئے چیلنج پیدا کردیا تھا۔

- Advertisement -

میرے قائد اور اُس وقت کے وزیراعظم محمد نوازشریف نے پوری قوم کی امنگوں اور قومی مفادات کی ترجمانی کی، اقتصادی پابندیوں، دبائو، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے، 1998 میں آج کے دن بھارت کے پانچ کے مقابلے میں چھ دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی ملک بنادیا تھا اور جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا، پاکستانی قوم ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک جنہوں نے اس پروگرام کو پایہء تکمیل تک پہنچایا ، انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی بلند ہونے والی صَدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے۔اس مقصد کے لئے پورا پاکستان متحد تھا ۔ یہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلا جواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی۔انہوں نے کہا کہ آج کے یومِ عظیم پر میں

ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے والےذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، انجینئرز ، افواج پاکستان اور قومی اداروں سمیت اس پروگرام میں اپنا حصہ ڈالنے والے تمام معماروں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ میں قوم کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے جوہری پروگرام کی تکمیل کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں اور اپنے عزم وہمت کی قابل فخر داستان لکھی۔ میں اپنی مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے نیوکلیئر اثاثوں کی بھرپور حفاظت کی۔انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے اُس عہد کاتسلسل ہے جس کے تحت پاکستان جیسی عظیم مملکت ِ خداداد وجودمیں آئی۔

قومی تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی عوام اور سیاسی قیادت نے اپنے آہنی ارادوں اور ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنی دلیری، شجاعت اور عسکری مہارت سے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اورسنگین ترین مشکلات کا سینہ چیر کر مقصد کو پالنے کا جذبہ ہی پاکستان کی اصل قوت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی وخودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دِن ہے ۔ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک معاشی قوت اور اور دنیا میں پاکستان کو اُس کا حقیقی مقام دلائیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602184

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں