اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے توانائی منصوبوں پر کام کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لئے متنوع توانائی منصوبوں کو موثر طور پر بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزیراعظم ہاﺅس میں توانائی کے جاری اور آئندہ کے منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اپنی مدت کے اختتام تک ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر حوصلہ افزاءہے کہ تمام جاری توانائی منصوبہ جات کم سے کم ممکنہ لاگت پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے منصوبوں پر پیشرفت پر خصوصی زور دیتے ہوئے ان منصوبوں پر کام کی رفتار کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ملک میں تمام توانائی منصوبوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ملک میں توانائی کی قلت کو کم کرنا ہے جس نے کئی برسوں سے گھریلو اور صنعتی صارفین کو متاثر کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صارفین کو نہ صرف وافر بلکہ سستی بجلی کی فراہمی کے لئے بھی پرعزم ہیں تاکہ وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ لے سکیں۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، سیکریٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگا اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=13855