محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان میں کیریئر ڈویلپمنٹ سینٹر اور پلیسمنٹ بیورو کے اشتراک سے ریکروٹمنٹ ڈرائیو کا انعقاد

7

ملتان ۔ 13 جون (اے پی پی):فوڈ سیکیورٹی اینڈ ایگریکلچر سینٹر آف ایکسیلنس (FACE) جو کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی (FFC) کا ایک اہم اقدام ہے نے محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان میں کیریئر ڈویلپمنٹ سینٹر اور پلیسمنٹ بیورو کے اشتراک سے ایک بھرپور ریکروٹمنٹ ڈرائیو کا انعقاد کیا۔ یہ ریکروٹمنٹ ڈرائیو پلانٹ پروٹیکشن کے فائنل ایئر طلبہ اور تازہ فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے تھی، جن کی تخصص حشرات الارض (Entomology) اور نباتاتی امراض (Plant Pathology) میں ہے۔اس اقدام کا مقصد موزوں امیدواروں کو معاوضے کے ساتھ انٹرن شپ کے مواقع فراہم ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف فیکلٹی سپورٹ پروگرامز کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس آن لائن ٹیسٹ میں 65 سے زائد طلبہ و فارغ التحصیل نوجوانوں نے شرکت کی، جس کی نگرانی ڈاکٹر محمد اشتیاق، ڈاکٹر نادر نقاش، جناب عمر شریف اور شیزہ فاروق نے کی۔

اس عمل کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے FACE کی ٹیم آن لائن موجود رہی۔ٹیسٹ کے بعد 37 امیدواروں کو انٹرویوز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ یہ انٹرویوز 13 جون 2025ء کو یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوئے، جن میں FACE کی نمائندگی محمد احمد (پروگرام کوآرڈینیٹر)، عبدالشکور (منیجنگ ڈائریکٹر، FACE) اور محمد کاشف نذیر (سیکرٹری، FACE) نے کی۔ پینل نے امیدواروں کی علمی قابلیت، بین الشخصی رویے، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور جدید زرعی تکنیکوں سے آگاہی کا جائزہ لیا۔ اس عمل نے یہ واضح کیا کہ جامعات اور انڈسٹری کے درمیان شراکت داری کس قدر اہمیت رکھتی ہے۔دورے کے دوران FACE ٹیم نے پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ (ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیز) سے ملاقات کی،

جہاں انٹرن شپ پروگرام کے ڈھانچے، فیلڈ پلیسمنٹ کی مؤثریت اور گریجویٹس کی عملی تیاری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ محمد احمد نے فیلڈ سے قبل ایک پری-انٹرن شپ تربیتی ماڈیول کے آغاز کی تجویز دی جسے سراہا گیا۔ بعد ازاں FACE ٹیم نے پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد راجوانہ، وائس چانسلر سے خصوصی ملاقات کی اور پروگرام پر بریفنگ دی۔ وائس چانسلر نے FACE اور FFC کے اس قابلِ ستائش اقدام کو سراہا اور کہا کہ انڈسٹری کا مؤثر فیڈ بیک ہماری تدریسی حکمتِ عملی اور طلبہ کی مہارتوں کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ایسے ماہرین تیار کر رہی ہے جو پاکستان میں زرعی پائیداری اور فوڈ سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف نوجوان گریجویٹس کے لیے کارآمد ہیں بلکہ کسان برادری کو بھی جدید معلومات اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔