پشاور۔ 25 اگست (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور محمد عدنان قادری نے اعلان کیا ہے کہ اس سال ربیع الاول کے مبارک مہینے میں حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر صوبے بھر میں رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، اس سلسلے میں ہر ضلع کی سطح پر رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ پیر کو اپنے دفتر سے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اوقاف نے کہا کہ ان کانفرنسز کا مقصد نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرانا اور معاشرے میں رحمت، رواداری اور اخوت کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ مجموعی طور پر صوبے کے 38 اضلاع میں رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنسز کا انعقاد ہوگا جبکہ ضلعی اور ڈویژنل سطح پر قرات اور نعت کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں کانفرنسز کے لیے مختص فنڈز کو مذہبی شعبے کی بحالی اور کانفرنسز کے انعقاد پر استعمال کیا جائے گا۔ محمد عدنان قادری نے بتایا کہ 12 ربیع الاول کو رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا مرکزی پروگرام پشاور میں منعقد ہوگا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہوں گے۔ اس موقع پر صوبے بھر سے علمائے کرام، مشائخ اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندے شریک ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم کو سکولوں کی سطح پر اور وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن کو جامعات کی سطح پر سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ طلبہ بھی ان بابرکت تقریبات کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر قرات و نعت کی محافل کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ۔