فیصل آباد۔ 25 اپریل (اے پی پی):محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول فیصل آبادڈویژن نے غیر رجسٹرڈ اور ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے اور کئی مقامات پردوران چیکنگ بعض گاڑیوں کے کاغذات تحویل میں لے لئے گئے ہیں اور عوام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر غیر رجسٹرڈ گاڑیاں رجسٹرڈ کروا ئیں اور جن گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کئے گئے وہ ٹیکس بھی ادا کردیں بصورت دیگر ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
موٹررجسٹریشن اتھارٹی کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل آبادکے ڈائریکٹر کی ہدایات کی روشنی میں روزانہ شہر کے مختلف مقامات پرگاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے اور غیررجسٹرڈ و ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیفالٹرز کو کئی بار یاددہانی کے نوٹسز جاری کئے گئے اور باربار تنبیہ کے باوجود انہوں نے ذمہ داری کامظاہرہ نہیں کیاجس کے باعث اب ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جا ئے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587612