محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کی منسوخی کا فیصلہ

385

لاہور۔31مارچ (اے پی پی):محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف (کل) پیر سے رجسٹریشن کی منسوخی کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور ریجن سی محمد آصف نے ایک بیان میں بتائی ۔

انہوں نے کہا کہ تین سال یا اس سے زائد مدت سے مسلسل نادہندہ ایک ہزار گاڑیوں کی رجسٹریشن عیدالفطر تک منسوخ کرنے کا ہدف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کی منسوخی سے قبل ان گاڑیوں پر ٹوکن ٹیکس عدم ادائیگی کے "وارننگ اسٹکرز” لگائے گئے تھے جبکہ آخری وارننگ کے طور پر گاڑی مالکان کو محکمہ ایکسائز کی جانب سے یاددہانی کی کالز بھی کی جارہی ہیں۔

محمدآصف کا کہنا تھا کہ کل مزید 10 لاکھ گاڑی مالکان کو بذریعہ موبائل میسج ٹوکن ٹیکس ادائیگی کی یاددہانی کروائی جائے گی اور بینک لیز والی گاڑیوں کو خصوصی ٹارگٹ کیا جائے گا کیونکہ بینک اپنی اقساط بمعہ مارک اپ لے لیتے ہیں لیکن ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کرتے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سفر کے دوران پریشانی سے بچنے کے لیے اپنے واجب الادا ٹیکس بروقت ادا کریں کیونکہ ان کی گاڑی سڑک پر کسی بھی جگہ روکی جا سکتی ہے اور پھر ٹیکس کی ادائیگی تک چھوڑی نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن سے پہلے بغیر نمبر یا جعلی نمبر کے ساتھ گاڑی چلانے سے اجتناب کریں اور اپنی گاڑی کو ایکسائز سے رجسٹر کروانے کے بعد ہی سڑک پر لائیں۔