کراچی۔ 08 جون (اے پی پی):صوبائی وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ ،ایکسائز،ٹیکسیشن، شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اجلاس ہواجس میں پریمیئم نمبر پلیٹس کی تیاری کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تین مختلف کیٹیگریز پلاٹینم کیٹیگری میں 10،گولڈ کیٹیگری میں 11، اور سلور کیٹیگری میں 10پریمیئم نمبرز جاری کئے جائیں گے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے والے ایکسائز ملازمین کی معطلی سمیت دیگر تادیبی کارروائیوں کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کا آسان بنانے کیلئے آن لائن ادائیگی کا سسٹم شروع کیا جائے۔
انہوں نے ہدایات دیں کہ عوام کی سہولت کیلئے ٹیکس نظام کو جلد آن لائن اور ون لنک کے ساتھ منسلک کیا جائے۔انہوں نے پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگر محصولات کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات لی۔انہوں نے ایکسائز و ٹیکسیشن حکام کو پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگر ٹیکس اہداف مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں سینئر وزیر کو آگہی دی گئی کہ ہدف کے حصول میں بہتر کارکردگی نہ دکھانے پر محکمہ ایکسائز کے 82افسران کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ اور نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ لگانا جرم ہے،اس سلسلے میں قانونسازی کی جائے گی، جعلی نمبر پلیٹ لگانے کے جرم کو ناقابل ضمانت قرار دینے اور کم سے کم ایک سال قید کی سزا کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز سلیم راجپوت، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول عثمان غنی صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔