محکمہ بہبود آبادی بھکر کے زیر انتظام "بڑھتی ہو ئی آبادی کے اثرات” کے عنوان پرسیمینار کا انعقاد

266
بھکر

بھکر۔ 05 ستمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوامی آگاہی مہم کے تحت ضلعی دفتر محکمہ بہبود آبادی بھکر کے زیر انتظام تھل یونیورسٹی بھکر کے اساتذہ، طلباء و طالبات کے ساتھ بعنوان "بڑھتی ہوئ آبادی کے اثرات” سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمن اولکھ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر (سی اینڈ ٹی) محمد رمضان اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئ آبادی ایک لمحہ فکریہ ہے۔بیروزگاری،رہائشی سہولتوں کی کمی،تعلیمی سہولتوں کا فقدان،غیر متوازن غذا،صحت کی سہولیات و خدمات کی کمیابی،لاقانونیت اور بدامنی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔

اس وقت آبادی میں اضافے کی شرح 2.9 فیصد ہے اگر یہی شرح برقرار رہی تو اگلے تیس سالوں میں پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی۔ قیام پاکستان سے آج تک آبادی میں چھ گنا اضافہ ہو چکا ہے۔نصف آبادی کو صحت کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔ ۔پاکستان میں 45 فیصد بچے غذائ کمی کا شکار ہیں اور 40 فیصد سے زائد افراد خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔

پاکستان میں 60 فیصد سے زائد آبادی ایک کمرے کے مکان میں رہتی ہے۔پاکستان دنیا میں پانی کی سنگین قلت کے شکار ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے۔اگر آبادی میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتا رہا تو اگلے چند سالوں میں مذید کئ ہزار سکولوں اور لاکھوں نوکریوں کی ضرورت ہوگی جو کہ معاشی طور پہ کمزور ملک کیلئے اتنے سکولوں کا بنانا اور نوکریاں دینا ممکن نہ ہوگا ۔لوگوں کو تعلیم،روزگار،رہائش،صحت،تفریح کی سہولیات اور بہتر مستقبل دینا ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب آبادی اور وسائل میں توازن ہو۔آبادی کو ایک خاص حد تک رکھ کر ہی معاشی ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہے۔

صحتمند خاندان خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے اور اس منزل کے حصول کیلئے ہمیں آبادی اور وسائل میں توازن رکھنا ہوگا۔ ذمہ دار والدین کے کردار کو اجاگر کرنا ہوگا۔تعلیم پر توجہ خصوصا خواتین کی تعلیم پر توجہ دینی ہوگی کیونکہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں انکا بنیادی کردار ہوتا ہے۔

اساتذہ اور طلباء و طالبات کو چاہیئے کہ بڑھتی ہوئ آبادی، اس سے پیدا ہونے والے مسائل اور فیملی پلاننگ کی اہمیت بارے عوام میں آگہی پیدا کریں ۔اس مسئلے سے نبٹنے کیلئے سوسائٹی کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آبادی اور وسائل میں توازن پیدا ہو اور ملک معاشی و معاشرتی طور پہ ترقی کی راہ پہ گامزن ہو سکے۔پروفیسر احمر جمشید سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ تھل ہونیورسٹی نے اس قومی مسئلے کی اہمیت اجاگر کرنے اور آگاہی سیمینار کرانے پر محکمہ بہبود آبادی کی کاوش کو سراہا اور اس ضمن میں یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباء و طالبات کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا