محکمہ تعلیم میں اصلاحات کیلئے کوششیں کررہے ہیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان

74

کوئٹہ۔ 26 مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم میں اصلاحات کیلئے کوششیں کررہے ہیں ،سہولیات کی فراہمی اور بنیادی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں میر زابد ریکی کے توجہ دلائو نوٹس پر بحت میں حصہ لیتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمیددرانی نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے گزارش ہے کہ کالجز کی تعمیر ومرمت کے حوالے سے جو فنڈز رہ گئے ہیں اس حوالے سے محکمہ پی اینڈ ڈی کے ساتھ اجلاس بلائیں تاکہ یہ مسئلہ حل ہوسکے ۔

صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ ہر حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ پرانی اسکیموں کو زیادہ سے زیادہ مکمل کرے تاکہ عوام کوفائدہ حاصل ہوں ،امسال 178ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں ،سکولز وکالجز کے مسئلہ کے حوالے سے متعلقہ حکام کااجلاس بلایاجائے گا،ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں زیادہ سے زیادہ انویسٹمنٹ کی جائے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہاکہ تعلیم کے حوالہ سے جن مسائل کی نشاندہی ہوئی ہے ان کا جائزہ لیا گیا ہے اورصوبائی حکومت اس سلسلہ میں بہتری کے لئے اصلاحات کیلئے کوششیں کررہی ہے ، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے بعدازاں توجہ دلائو نوٹس نمٹا دیاگیا۔