فیصل آباد۔ 30 جولائی (اے پی پی):محکمہ تعلیم سکولز ایجوکیشن پنجاب نے معیار تعلیم کی بہتری کےلئے نئی سکولز اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سے تجاویز طلب کر لی ہیں ، اس سلسلے میں تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سی ای اوزکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مطلوبہ معلومات و کوائف پلاننگ ونگ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور کوفراہم کریں تاکہ ان کی روشنی میں سکولز کی اپ گریڈیشن اور وہاں زیادہ سے زیادہ درسی و تدریسی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آبادکے ترجمان نے بتایا کہ سی ای اوز سے کہا گیا ہے کہ وہ پرائمری سے ایلیمنٹری، ایلیمنٹر ی سے ہائی اور ہائی سے ہائر سیکنڈری سکولز تک تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے ضمن میں ضروری معلومات فراہم کریں جس میں یہ بھی بتایا جائے کہ ان تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات اور اساتذہ کی تعداد کتنی ہے جبکہ اپ گریڈیشن کی صورت میں وہاں کونسی عدم دستیاب سہولیات کی فوری فراہمی کی ضرور ت ہو گی۔اسی طرح متعلقہ تعلیمی اداروں کے رقبے، کورڈ ایریا، عمارت میں کمروں کی تعداد،سٹاف رومز، ایڈمن بلاک،علاقے کی آبادی اور دوسر سکول کتنے فاصلے پر واقع ہے کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔