لاہور۔5مئی (اے پی پی):کرغزستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب کرغزستان کے اعلی تعلیمی اداروں کے ساتھ معیار تعلیم کو بلند اور شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کرغزستان کے قونصلیٹ اور گولڈ رنگ اکنامک فورم کے مشترکہ وفد جس میں ان کے ہمراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سکندر افضل چیئرمین جی آر ای ایف اور انجینئر حسنین رضا مرزا صدر جی آر ای ایف شامل تھے نے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے ساتھ ملاقات کی اور کرغزستان کے ساتھ تعاون کے امکانات و طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔
مہر کاشف یونس نے کہا کہ کہ وزیر تعلیم پنجاب کرغزستان کی تعلیمی ترقی، بالخصوص ٹیکنیکل اور سماجی و اقتصادی تعلیم کے شعبے میں سپورٹ کرنے کے لیے ایک جامع ویژن رکھتے ہیں ، تعلیم و تحقیق کیلئے سازگار ماحول فروغ دے کر ہی دونوں ممالک علاقائی و عالمی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم پنجاب اعلی تعلیمی شعبوں اور فنی تعلیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے کرغزستان کے ساتھ بھر پور تعاون کے لیے تیار ہیں، یہ شراکت داری تعلیم میں باہمی ترقی اور جدت کے فروغ کیلئے عزم کی نشاندہی کرتی ہے جو دونوں ممالک کے خوشحال مستقبل کی بنیاد بن سکتی ہے۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ ایک دوسرے کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھا کر اور کامیابیوں سے سیکھ کر دونوں ممالک اپنے تعلیمی انفراسٹرکچر کو بہتر بنا سکتے ہیں۔