25.5 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومقومی خبریںمحکمہ تعلیم گوادر کی جانب سے اسکول داخلہ مہم 2025 کے سلسلے...

محکمہ تعلیم گوادر کی جانب سے اسکول داخلہ مہم 2025 کے سلسلے میں ”علم کی روشنی ہر بچے تک” کے عنوان سے ایک شاندار سیمینار کا انعقاد

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 28 اپریل (اے پی پی):محکمہ تعلیم گوادر کی جانب سے اسکول داخلہ مہم 2025 کے سلسلے میں ”علم کی روشنی ہر بچے تک” کے عنوان سے ایک شاندار سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ تھے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن، پاک آرمی 440 بریگیڈ کے بریگیڈیئر احتشام، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، نیوی آفیسران، خواتین پولیس انسپکٹر فضاء الٰہی، ضلعی تعلیم افسران، اساتذہ، طلباء و طالبات سمیت گوادر کی سیاسی، سماجی اور معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔سیمینار کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔

تقریب سے قبل اسکول داخلہ مہم کے حوالے سے ایک آگاہی واک بھی منعقد کی گئی، جو ایجوکیشن آفس گوادر سے شروع ہوکر گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گوادر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام میں موجود مسائل کو خلوصِ نیت سے درست کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کی مجموعی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے اور ہمیں بنیادی اصلاحات، خاص طور پر اساتذہ کی بھرتی، نصاب اور اسکولوں کی بہتری پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر میں کئی غیر فعال اسکولوں کو فعال کیا گیا ہے تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

- Advertisement -

معاشرتی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری میں حکومت کے ساتھ عوام کی شمولیت بھی انتہائی اہم ہے۔بریگیڈیئر احتشام نے خطاب میں کہا کہ معاشرے کے دو طبقات میں ایک وہ ہیں جو سہولیات کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جب کہ دوسرا طبقہ وہ ہے جو سماج سے کٹا ہوا ہے۔ ہمیں ان بچوں کو تعلیم کی روشنی فراہم کر کے معاشرتی ناانصافیوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے گوادر میں تعلیمی بہتری کے لیے محدود وسائل میں بھی بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اپنے خطاب میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پانچ ہزار بچوں کے داخلے کا ہدف کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے، لیکن اب بھی بہت سے بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اقوام تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بناتی ہیں اور ہمیں بھی تعلیم و تربیت کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔

انہوں نے والدین، اساتذہ اور معاشرتی افراد کو بچوں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔داخلہ مہم سیمینار میں طلباء و طالبات نے ٹیبلو شو، تقاریر، ڈرامے اور معروف بلوچی گلوکار فیض محمد بلوچ کے انداز میں شاندار پرفارمنسز پیش کر کے خوب داد سمیٹی۔تقریب میں ضلع بھر میں داخلہ مہم کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھانے پر گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کوہ بن اورماڑہ کی ٹیچر نسیمہ اور گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول بندری جیوانی کے ٹیچر محمد طاہر کو ایوارڈز دیے گئے۔

اسی طرح ضلع بھر میں بہترین سائنس ایگزیبیشن مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبائ، سمیر قادر (پسنی)، طیبہ شریف (گوادر)، اور حلیمہ عبدالسلام (گوادر) کو ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی جانب سے لیپ ٹاپس دیے گئے۔گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گوادر کی ابتدائی جماعتوں کی طالبات کو یونیسف کی جانب سے اسکول بیگز بھی فراہم کیے گئے۔تمام معزز مہمانوں کو ایجوکیشن آفس گوادر اور ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کی جانب سے ”Guest of Honor” کے ایوارڈز پیش کیے گئے، جب کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین نے خصوصی طور پر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان کو بھی یادگاری ایوارڈ پیش کیا۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نادل بلوچ نے نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589246

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں