لاہور۔4نومبر (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایت پر پنجاب میں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر نگرانی جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار ، کاروبار کیخلاف بھر پور کارروائیاں کی جا رہی ہیں جس کے نتیجے میں میاں چنوں اور منکیرہ میں سانڈھوں اور تیتر کے غیر قانونی شکار اور کاروبار میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرکے انہیں 01لاکھ 10ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا گیا ۔تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع خانیوال محمد سرفراز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ میاں چنوں سے سانڈھوں کی غیرقانونی تجارت میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر 10ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیا۔
اسی طرح کی ایک کامیاب کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع بھکر محمد نعیم طاہر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بندوق کے ساتھ تیتر کے غیرقانونی شکار میںمشغول ایک ملزم گرفتار کرکے اسے مبلغ ایک لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا ۔مزید برآں ایسی ہی ایک دیگر کامیاب کوشش کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائڈ لائف جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل چنیوٹ میں دریائے چناب کے علاقہ میں فالکن کے غیر قانونی شکار میں مشغول ایک شکار پارٹی کا تعاقب کیا جو موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئی تاہم ان کے آلات شکار و دیگر سامان جن میں چار زندہ کبوتر (معاون شکاری پرندے )اور چار دوگزہ عمدہ قسم کے جال وغیر ہ برآمد کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کردیاگیا ہے ۔