پشاور۔ 30 اپریل (اے پی پی):وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلی حیات پیر مصور خان اور سیکرٹری شاہد زمان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ جنگلی حیات نے شہری علاقوں میں پرندوں کے تحفظ اور بقاء سے متعلق ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔ اس مہم کا مقصد شہری ماحول میں آباد پرندوں کو درپیش خطرات کو اجاگر کرنا اور عوام میں ان کے تحفظ سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔محکمہ جنگلی حیات کے حکام کے مطابق شہری ترقی، شور اور آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح نے شہری پرندوں کی تعداد میں نمایاں کمی پیدا کی ہے اور ایسے بیشتر پرندوں کی نسل میں واضح کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے محکمہ جنگلی حیات کو عوامی تعاون اور حمایت نہایت ضروری ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کے حکام کے مطابق مہم کے تحت شہریوں کو ترغیب دی جائے گی کہ وہ اپنے گھروں، دکانوں، مارکیٹوں اور دفاتر کے آس پاس پرندوں کے لیے پانی اور خوراک کا مناسب بندوبست کریں جبکہ قریب ترین درختوں اور سبزہ زاروں کو محفوظ رکھیں اور پرندوں کو گھونسلے بنانے کی جگہیں فراہم کریں۔ شہری علاقوں میں پائے جانے والے عام پرندوں میں مینا، چڑیا، فاختہ، جنگلی و گھریلوں کبوتر، ابابیل، بلبل، نیل، کنٹھ، چیل اور ہُدہُد وغیرہ شامل ہیں۔ یہ پرندے نہ صرف ماحولیاتی توازن میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ شہری خوبصورتی اور فطری ماحول کی علامت بھی ثابت ہوتے ہیں۔ محکمہ جنگلی حیات کے اس مہم کے تحت جنگلی حیات کے شعبے میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات اپنے ضلعی دفاتر کے ذریعے سکولوں، کالجوں، مارکیٹوں اور شہری کمیونٹیز کے تعاون سے آگاہی سیشنز، ورکشاپس اور تقریبات کا انعقاد کرے گی جبکہ ساتھ ہی، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھی عوام میں شعور اجاگر کریگی۔اس موقع پر عوام سے خصوصی اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھریلو کھانے پینے کے بچے ہوئے اجزاء کو کوڑا دان میں نہ پھینکیں بلکہ انہیں کھلی جگہوں یا برتنوں میں رکھیں تاکہ پرندے ان سے خوراک حاصل کر سکیں۔ حکام کے مطابق شہری پرندوں کی حفاظت نہ صرف ایک ماحول دوست اقدام ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے قدرتی ورثے کے تحفظ کا بھی ذریعہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590694