لاہور۔8ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیا ت و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیرقیادت صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کیخلاف گوجرانوالہ،قصور،نارووال، بھکر، چکوال اور بہاولنگر سے کامیاب کارروائیوں کے دوران جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار،تجارت اور قبضہ کی پاداش میں 14ملزمان گرفتار کر لئے گئے ۔
01بندر،28طوطے اور 21بھورے تیتر برآمد کر کے 13ملزمان کو دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف گوجرانوالہ اور نارووال نے تین مختلف کارروائیوں کے دوران جنگلی جانوروں کے غیر قانونی قبضہ اور ناجائز تجارت کی پاداش میں 04ملزمان گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 01بندر اور 03گانی وار طوطے برآمد کر کے 40ہزار روپے جرمانہ کر کے طوطے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیئے جبکہ بندر کو بحالی سینٹر بھیج دیا گیا۔
ایک اور کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی رضوانہ عزیز نے عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کر کے مقامی پولیس کہوٹہ کے تعاون سے 01شخص کے گھر سے ناجائز قبضہ میں رکھے 21بھورے تیتر برآمد کر کے قانونی کارروائی شروع کردی جبکہ تیتر عدالتی حکم پر لوئی بھیر چڑیا گھر منتقل کر دیئے۔
ایسی ہی ایک کارروائی میں ا سسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف چکوال عدنان علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی سور کے 05غیر قانونی شکاری گرفتار کر کے انہیں 50ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف قصور سخی جوئیہ نے اپنی ٹیم اور رینجرز کے تعاون سے طوطوں کے 01شکاری کو گرفتار کر کے اسکے قبضہ سے 25طوطے برآمد کر کے اسے 35ہزار روپے جرمانہ کیا اور طوطے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیئے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر بہاولنگر منور حسین نجمی نے جنگلی طوطوں اور بٹیر کے 03شکاریوں کو 80ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھکرنعیم طاہر نے بٹیر کے 05 ہنٹنگ گیئرز برآمد کر کے کارروائی شروع کر دی۔