راولپنڈی۔ 15 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی خصوصی ہدایات پر عوامی شکایات کی روشنی میں محکمہ خوراک مری اور لائیو اسٹاک مری کی مشترکہ ٹیموں نے مردہ اور ناقص گوشت بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ تفصیلات کے مطابق مردہ اور ناقص گوشت بیچنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس اور محکمہ خوراک کو شکایات موصول ہوئی تھیں۔
ان شکایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر مری نے محکمہ خوراک اور محکمہ لائیو سٹاک مری کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ مردہ اور ناقص گوشت بیچنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔ اس حوالے سے محکمہ خوراک اور لائیو سٹاک مری کی مشترکہ ٹیموں نے مردہ اور ناقص گوشت بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بہت سی دکانوں کو سر بمہر کر دیا اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے۔
ٹیم ممبران کا کہنا تھا کہ عوام کو ناقص اشیاء کے فراہمی نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ شرعی طور پر گناہ بھی ہے۔ عوام اس طرح کے واقعات کو انتظامیہ کو رپورٹ کریں تاکہ ایسے کاروبار میں ملوث لوگوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597602