محکمہ داخلہ پنجاب میں پہلا سائیبر پٹرولنگ اور کوئیک رسپانس سیل قائم

7

لاہور۔30جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے پیشِ نظر محکمہ داخلہ میں اپنی طرز کا پہلا سائیبر پٹرولنگ اور کوئیک رسپانس سیل قائم کر دیا گیا۔ خصوصی سیل محرم الحرام میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کا فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔ سائبر پٹرولنگ سیل ڈیجیٹل میڈیا پر فرقہ وارانہ اور نفرت آمیز مواد کو مانیٹر اور رپورٹ کر رہا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سوشل میڈیا پر فیک نیوز، اشتعال انگیزی اور مذہبی منافرت پر مبنی مواد کو مانیٹر اور رپورٹ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کا سائبر پٹرولنگ سیل ہفتہ کے ساتوں دن اور دن رات فعال ہے جس میں محکمہ داخلہ پنجاب، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران تعینات ہیں۔ سائبر پٹرولنگ سیل تمام قابل اعتراض مواد کو مانیٹر کر کے اسپیشل برانچ سے شئیر کرتا ہے۔ تمام قابل اعتراض مواد کو پی ٹی اے سے بلاک کروانے اور قانون شکن عناصر کیخلاف کارروائی کا ٹاسک سپیشل برانچ کو سونپا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ محکمہ داخلہ رپورٹ کئے گئے اکاو نٹس کیخلاف ایکشن کیلئے وفاقی وزرات داخلہ اور پی ٹی اے سے مستقل رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سائیبر پٹرولنگ سیل محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم میں قائم کیا گیا۔ محرم الحرام کے لئے قائم کیا گیا کنٹرول روم پنجاب کے تمام اضلاع سے بھی مسلسل رپورٹس لے رہا ہے۔ مرکزی کنٹرول روم میں محرم الحرام کے تمام بڑے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ محکمہ داخلہ خصوصی طور پر تیار کردہ "محرم ای پورٹل” کے ذریعے تمام اضلاع سے منسلک ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں نصب سیف سٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمرے بھی کنٹرول روم سے منسلک ہیں۔ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں فزیکل سکیورٹی کیساتھ ساتھ ڈیجیٹل سپیس میں بھی امن و امان کیلئے سرگرم ہے اس لئے سائبر پٹرولنگ اینڈ کوئیک رسپانس سیل قائم کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ذمہ داری کا ثبوت دیں اور سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ یا قابل اعتراض مواد ہرگز شئیرنہ کریں۔