لاہور۔29مئی (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحٰی کے پیش نظرصوبے بھر میں سکیورٹی اقدامات موثر بنانے کےلئے جامع ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق دشمن کے ناپاک عزائم کے تناظر میں اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت دی گئی ہے ، تمام اضلاع میں خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دے کر اس پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان کو فعال رکھا جائے اور پولیس و انتظامیہ فیلڈ میں متحرک رہیں۔ پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت سکریننگ کا عمل یقینی بنایا جائے گا جبکہ سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کےلئے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کے اجلاس فوری طلب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ عید کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ضرورت کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کی اجازت دے دی گئی ہے۔
مویشی منڈیوں کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ وہ صرف شہر کی حدود سے باہر منظور شدہ مقامات پر قائم کی جائیں گی اور ان میں سکیورٹی عملہ تعینات کیا جائے ، مقررہ مقامات کے علاوہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ قربانی کی کھالوں کے حوالے سے ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی کالعدم تنظیم کو کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں وصول کر سکیں گے۔ عید نماز کے تمام اجتماعات میں فول پروف سکیورٹی انتظامات، سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور ہر فرد کی سکیننگ کی ہدایت دی گئی ہے۔ اجتماعات کے دوران پنجاب سانڈ سسٹمز (ریگولیشنز) ایکٹ 2015 کا سختی سے نفاذ کیا جائے گا اور فرقہ وارانہ یا قابل اعتراض تقاریر کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ حساس مقامات کے گرد حساس اداروں کے اشتراک سے سرچ آپریشن مکمل کیے جائیں،
عید گاہوں کے قریب پارکنگ کے مناسب انتظامات اور شہروں میں ٹریفک ڈائیورژن پلان بنایا جائے۔ ہسپتالوں میں ضروری ادویات، عملے اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ محکمہ صحت، سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کمیٹیوں کے اجلاس بلائے جائیں۔ پنجاب بھر میں اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے اور فورتھ شیڈولرز کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
تمام اضلاع کو پابند کیا گیا ہے کہ کنٹرول رومز قائم کر کے انہیں محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کریں۔ نوجوانوں کو خطرناک ڈرائیونگ اور ون ویلنگ سے محفوظ رکھنے کےلئے ضلعی سطح پر ٹاسک فورسز تشکیل دی گئی ہیں جنہیں فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوامی تفریحی مقامات، عید بازاروں اور فوڈ آوٹ لیٹس پر بھی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے امن وامان کے قیام کےلئے عید سے قبل تمام انتظامات مکمل کرنے اور عید کے تینوں دن کڑی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602675