ساہیوال۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت ساہیوال کے زیر اہتمام زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت فارمرز سیمینارکا انعقادکیا گیا۔ سیمینار میں گندم کی کاشت اور پیداواری اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے کسانوں کو مفید مشورے دیئے گئے۔ سیمینار کا انعقاد چک نمبر 72/4R میں کیا گیا جس میں ڈائریکٹر زراعت ساہیوال چوہدری شہباز اختر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر جاوید اور زراعت آفیسر احمد سعدکے علاوہ معززین اور زرعی ماہرین و معاونین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ رقبے پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے۔ زمیندار حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کی گئی زیادہ گندم اگاؤ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ گندم کی بھرپور پیداوار کے لیے علاقے کی آب و ہوا کے مطابق موزوں اقسام کی کاشت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ساہیوال کے کراپنگ پیٹرن میں گندم کی کاشت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور زمینداروں کو اس سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا چاہئے۔
احمد سعد زراعت آفیسر نے گندم کی بھرپور پیداوار کے حصول کے لیے گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کا تفصیل سے ذکر کیا جن پر عمل پیرا ہو کر کاشتکاران اپنی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھانے کے ساتھ ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔