محکمہ زراعت سیالکوٹ کی مرچ کے کاشتکاروں کو چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

139
Chilli is cultivated
Chilli is cultivated

سیالکوٹ۔7ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے مرچ کے کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ چونکہ مقررہ وقت پر چنائی نہ کرنے کے عمل سے فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتاہے اس لئے اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔

ترجمان محکمہ نے اے پی پی کو بتایا کہ چنائی کا عمل اس وقت شروع کیا جائے جب مرچ اچھی طرح پک چکی ہو اور اس کا رنگ بھی مکمل طورپر سرخ ہوچکاہو۔ انہوں نے بتایا کہ چنائی صبح یا شام کے ٹھنڈے اوقات میں کرنی چاہئیے تاکہ پودے ٹوٹنے کا احتمال نہ رہے۔

انہوں نے بتایا کہ مرچ کی چنائی ہفتہ کے وقفہ سے کرنے کے بعد مرچوں کو اکٹھا ڈھیرکی صورت میں رکھنے کی بجائے خشک اور صاف چنائی پر اسے احتیاط سے بکھیر دینا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار چنائی کے بعد کمزور اوربیماری سے متاثرہ مرچوں کو الگ کردیں۔