سیالکوٹ۔27فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے ٹماٹرکے کاشتکاروں کو ٹماٹر کی بہتر پیداوارحاصل کرنے کے لئے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈ ز ڈاکٹر مقصود احمد نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ٹماٹر کی فصل پر ضررر ساں کیڑوں کا حملہ ہو سکتاہے اور یہ ضرر رساں کیڑے ٹماٹر کی فصل پر اگاؤ سے لے کر پھل کے پکنے تک کے تمام مراحل میں کسی بھی وقت حملہ آور ہو کر ٹماٹر کے پودوں اور پھل کو سخت نقصان پہنچاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چور کیڑے کی سنڈی اگتے ہوئے پودوں کو رات کے وقت سطح زمین کے قریب سے کاٹ دیتی ہے اور دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چور کیڑے کی سنڈی کے نقصان کو کم کرنے کیلئے تازہ کٹے ہوئے پودوں کے قریب زمین میں سے سنڈیاں تلاش کرکے تلف کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ سیون 350 گرام فی ایکڑ کے حساب سے راکھ میں ملا کر پودوں کے گرد بکھیرنے سے بھی فصل کو نقصان سے بچایاجا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکن سنڈی ٹماٹر کے پھل میں داخل ہو کر اسے کھا لیتی ہے جس سے پھل قابل استعمال نہیں رہتا۔ انہوں نے کہاکہ امریکن سنڈی کے پروانوں کو روشنی کے پھندوں سے تلف کیاجاسکتاہے۔انہوں نے بتایاکہ چست تیلا بھی ٹماٹر کے پتوں کی نچلی سطح سے رس چوس کر پودے کو کمزور کردیتا ہے جس سے انتہائی کم پھل لگتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پھل کے گڑوئے ٹماٹر کے کچے اور پکے پھل پر حملہ آور ہوتے ہیں لہٰذا ان سے بچاؤ بھی اشدضروری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567029