لاہور۔17جنوری (اے پی پی):پنجاب میں تقریبا22 لا کھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت کی جاتی ہے۔پنجاب میں چنا92 فیصد بارانی علاقوں میں کاشت کیا جاتا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ چنا ربیع کی ایک اہم پھلی دار فصل ہے۔چنے کی فصل کو پیازی،باتھو،کرنڈ،چھنکنی بوٹی،لیہلی رت،پھلائی،دمبی سٹی اور ریواڑی نقصان پہنچاتی ہیں، چنے کی فصل میں شروع سے جڑی بوٹیوں کی تلفی ضروری ہے۔ان کی تلفی بذریعہ گوڈی کریں۔پہلی گوڈی فصل اگنے کے 30 تا40 دن بعد اور دوسری گوڈی پہلی گوڈی سے ایک ماہ بعد کریں۔
ریتلے علاقوں میں جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ روٹری نہایت آسان ہے۔ بارانی اور ریتلے علاقوں میں زہر کا استعمال صرف ایسی زمین پر کرنا چاہیے جہاں مناسب وتر موجود ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ کابلی چنے کے لیے پہلا پانی بوائی کے 60 تا 70 دن بعد اور دوسر ا پھول آنے پر دیں۔دھان کی فصل کے بعد چنے کو آبپاشی کی ضرورت نہیں ہوتی۔ستمبر کاشتہ کماد میں چنے کی فصل کو کماد کی ضرورت کے مطابق آبپاشی کریں۔بیماریوں یا کیڑوں کے حملے کی صورت میں محکمہ زراعت کے توسیع کے مقامی ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=547488