فیصل آباد۔22اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ڈیش بورڈ تشکیل دیدیاہے جس کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر کھادوں کی ترسیل اور کوٹہ کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے جبکہ ای فرٹیلائزرو ڈیجیٹل گرداوری کا نظام بھی صوبہ بھر میں نافذ العمل ہے جسکے تحت صوبہ بھر میں کھاد ڈیلرز کے پاس موجود کوٹہ اور سیل کے نظام کی شفاف انداز میں جانچ پڑتال جاری ہے۔
محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ روزانہ کی بنیاد پرزرعی کھادوں کی آسان دستیابی اور پرائس کنٹرول کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا رہا ہے، ڈیجیٹل گرداوری کے ذریعے کاشتکاروں کو گھر بیٹھے ایس ایم ایس کے ذریعے یوریا کھاد کے کوٹہ اور قریبی سنٹرکے متعلق تفصیلات ارسال کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت کاشتکار یوریا کھاد کے حصول کیلئے اپنے موبائل فون سے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبرurea<space>CNIC لکھ کر8070 پر ایس ایم ایس کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل گرداوری کے نظام سے ہر کاشتکار اپنے مقرر کردہ کوٹہ کے مطابق یوریا کھاد مقرر کردہ قیمت پرحاصل کر سکے گااورزرعی کھادوں کی بلیک مارکیٹنگ و زائد قیمت جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار گرداوری ریکارڈ میں تصحیح و ترمیم کیلئے اپنے قریبی دیہی مرکز مال،
دفتر تحصیلدار،اسسٹنٹ کمشنریا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھادوں کی عدم دستیابی یا زائد قیمت پر فروخت کے متعلق کاشتکار زرعی ہیلپ لائن 17000۔0800 پر سوموارسے جمعہ تک صبح9 بجے سے شام 5 بجے تک کال کر کے اپنی شکایت درج یا بذریعہ واٹس ایپ میسج و ایس ایم ایس0300-2955539پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=323230