محکمہ زراعت نے کپاس کی کاشتکاری کے لیے سفارشات جاری کردیں

134
Cotton

لاہور۔6مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کی کاشتکاری کے لیے سفارشات جاری کردی ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار کےلئے صرف محکمہ زراعت کی منظور شدہ ٹرپل جین اقسام کا تصدیق شدہ 75 فیصد سے زیادہ اگاؤوالا4 تا5 کلوگرام اور60 فیصد والا5 تا 6 کلوگرام براترا ہوا بیج استعمال کریں۔پودوں کی فی ایکڑ تعداد وقت کاشت،زمین کی زرخیزی،ثمردار شاخوں کی لمبائی،غیر ثمردار شاخوں کی تعداد اور بیج کی قسم پر منحصر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کپاس کے کاشتکار اگیتی کپاس سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کےلئے ٹرپل جین منظور شدہ اقسام سی کے سی 5،سی کے سی 1،غوری 2،سی کے سی6 اورآئی سی ایس386 کی کاشت31 مارچ تک پنجاب کے ان تمام علاقہ جات جہاں کپاس لگائی جا سکتی ہے مکمل کر لیں جبکہ ملتان،لودھراں،بہاولپور،وہاڑی،خانیوال،ڈی جی خان،رحیم یار خان،بہاولنگر،راجن پور،مظفر گڑھ،لیہ،فیصل آباد اور ساہیوال کے اضلاع میں کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے منظور شدہ ٹرپل جین اقسام سی کے سی3 اورحتف3 کی کاشت31 مارچ تک مکمل کر لیں۔

کاشتکار31 مارچ تک کاشت کےلئے قطاروں کا باہمی فاصلہ2.5 فٹ اور پودوں کا باہمی فاصلہ 1.5تا2 فٹ رکھیں۔

کپاس کے کاشتکار پودوں کی فی ایکڑ سفارش کردہ تعداد کے حصول کےلئے بیج کی روئیدگی کا ٹیسٹ پہلے کروا لیں۔کاشتکار بیج کی خریداری سے قبل سرٹیفائیڈ بیج کے بیگ پر کمپنی کے لیبل اور تصدیقی ٹیگ کو لازمی چیک کریں۔