لاہور۔26اگست (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق صوبہ پنجاب کے دھان کے بعض علاقوں میں بکائنی کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے۔ دھان کی بکائنی ایک پھپھوندی کی وجہ سے وقوع پذیر ہوتی ہے۔ اس بیماری کے دوران متاثرہ پودے صحت مند پودوں کی نسبت قد میں لمبے، باریک اور پیلے رنگ کے ہوتے ہیں۔ تنے پر بھورے رنگ کے دھبے بن جاتے ہیں اور تنائو وہاں سے گل سڑ جاتا ہے۔ یہ بیماری متاثرہ بیج کی کاشت اور پچھلے سال کے بیماری زدہ پرالی اور مڈھ کھیت میں موجود ہونے سے پھیلتی ہے۔
شدید متاثرہ پودے کے پتے نیچے سے شروع ہو کر اوپر تک سوکھ جاتے ہیں اور پودا مرجاتا ہے۔ اس بیماری کے دوران دھان کے پودے کا تنا نیچے کی گانٹھوں سے گل جاتا ہے جبکہ متاثرہ حصے سے اوپر کی گانٹھ سے جڑیں نکل آتی ہیں۔ اس بیماری سے پودا لمبا ہو کر مر جاتا ہے اور اس پر سفید یا گلابی مائل سفید پھپھوندی کی روئیں تہہ در تہہ پیدا ہو جاتے ہیں۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ بیماری والے کھیت میں موجود دھان کے مڈھ تلف کر دیں۔ اس کے علاوہ کھیت میں پانی زیادہ دنوں تک ایک ہی سطح پر کھڑا نہ رکھیں. بیماری سے متاثرہ کھیت کا پانی دوسرے کھیت میں نہ جانے دیں۔لاب کی منتقلی کے 50 تا 55 دن بعد کھیت میں مسلسل پانی کھڑا نہ رکھیں بلکہ فصل کو وتروں کا پانی لگائیں۔